ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف منصوبوں پرغور شروع کردیا،امریکی ویب سائٹ کا دعویٰ

ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف منصوبوں پرغور شروع کردیا،امریکی ویب سائٹ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف منصوبوں پر غور شروع کردیا ہے، جبکہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون اور خفیہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایران پر حملے کی صورت میں تہران کے ممکنہ ردعمل اور جوابی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ تیار کریں۔

امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق  وائٹ ہاؤس نے محکمہ دفاع اور امریکی انٹیلی جنس اداروں سے ایران کے ممکنہ ردعمل سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ اس جائزے کا بنیادی مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی کے نتیجے میں خطے میں کس نوعیت کی کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے اور اس کے ممکنہ اثرات کیا ہوں گے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ پہلے ہی ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے مختلف منصوبے تیار کرچکی ہے، تاہم امریکی انتظامیہ کے سامنے سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا ایسا فوجی آپریشن ممکن ہے جس کے جواب میں ایران خلیجی ممالک کی تیل اور گیس کی تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نشانہ نہ بنائے۔

امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ ایران کسی ممکنہ حملے کے جواب میں خطے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں تیل اور گیس کی عالمی سپلائی متاثر ہونے کے ساتھ بین الاقوامی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو بھی امریکا کو ایران کے خلاف دوبارہ مشترکہ فوجی کارروائی پر آمادہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نیتن یاہو نے موساد کے سربراہ رومن گوفمین کو ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کی تیاری اور امریکی حکام سے رابطوں کی ذمہ داری سونپی ہے۔

رپورٹس کے مطابق موساد کے سربراہ نے واشنگٹن میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے ملاقاتیں کیں، جن میں ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی کے امکانات پر بات چیت کی گئی

دوسری جانب خطے میں جنگ کے دوبارہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قطر اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ان کوششوں کا بنیادی مقصد امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی بحالی اور کشیدگی میں کمی لانا ہے۔

editor

Related Articles