صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے فعال اور مؤثر سفارتی حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیمی و ثقافتی تعاون کے فروغ اور آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا مسائل کے حل کو خصوصی اہمیت دینے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان ایوانِ صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے آئرلینڈ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر آفاق احمد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 1962ء سے دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور 2027ء میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 65 ویں سالگرہ دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے کا اہم موقع ثابت ہوسکتی ہے۔
آصف علی زرداری نے اقتصادی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ آئرلینڈ کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر روابط قائم کریں، خصوصاً انفارمیشن ٹیکنالوجی، ادویہ سازی، بائیو ٹیکنالوجی، زراعت اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے پر بھی زور دیا۔
صدرِ مملکت نے نشاندہی کی کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت اپنی حقیقی استعداد سے کم ہے، جس میں اضافے کے لیے مزید مؤثر کوششوں کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران صدر زرداری نے دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان شراکت داری، تعلیمی وظائف، مشترکہ تحقیق اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، پانی کے تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو بھی اہم قرار دیا۔ انہوں نے ویزا سے متعلق مشکلات کے حل اور ہنرمند پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے روزگار سمیت دیگر مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر آئرلینڈ کے لیے نامزد پاکستانی سفیر آفاق احمد نے صدرِ مملکت کی رہنمائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان اور آئرلینڈ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، تعلیمی تعاون میں اضافے اور آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو اپنی سفارتی ترجیحات میں شامل رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔