فرانس میں مہنگائی، تنخواہوں اور تعلیمی اداروں کی خراب صورتحال کے خلاف عوامی احتجاج شدت اختیار کرگیا۔ حالیہ ہفتوں کے دوران مختلف مظاہروں میں تقریباً 15 ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ہزاروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق فرانسیسی وزیر انصاف جیرالڈ درمانین نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ 17 اکتوبر سے مہنگائی اور تنخواہوں کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران 7 ہزار 184 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان مظاہروں میں بعض مقامات پر صورتحال کشیدہ ہوئی اور احتجاج پرتشدد ہنگاموں میں تبدیل ہوگیا۔
وزیر انصاف کے مطابق گرفتار مظاہرین میں 4 ہزار 523 بالغ اور 2 ہزار 661 نابالغ افراد شامل تھے۔ ان میں سے 3 ہزار 53 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی جبکہ 666 مقدمات میں سزائیں بھی سنائی جاچکی ہیں۔
دوسری جانب فرانس میں تعلیمی اداروں کی صورتحال کے خلاف بھی طلبہ نے احتجاجی تحریک شروع کر رکھی ہے۔ ستمبر سے جاری ان مظاہروں کے دوران تقریباً 8 ہزار طلبہ کو حراست میں لیا گیا۔
وزیر انصاف کے مطابق طلبہ کے احتجاج میں گرفتار افراد میں سے صرف تین کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ ان پر پولیس اہلکاروں یا اساتذہ پر حملے کے الزامات ہیں۔
فرانس میں مہنگائی، تنخواہوں اور تعلیمی مسائل پر بیک وقت جاری احتجاج نے حکومت کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ مختلف طبقات کی جانب سے سامنے آنے والے مظاہرے ملک میں معاشی دباؤ اور تعلیمی نظام سے متعلق عوامی بے چینی کی عکاسی کررہے ہیں۔