وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک میں نئے اور چھوٹے صوبوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو چلانے کے لیے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانا ہوں گے، اس معاملے پر عوامی ریفرنڈم ہی بہترین راستہ ہے اور عوام کی رائے کو فیصلہ کن حیثیت ملنی چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سندھ سے متعلق بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون بہے گا، اگر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہتا ہے تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو پر ہوگی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، انہیں سندھ میں اپنی جماعت کی 18 سالہ حکومتی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے۔ انہیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ مہاجر برادری طویل عرصے سے نسل کشی اور تشدد کا سامنا کرتی رہی ہے۔ بے نظیر بھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا تو پورا کراچی جلا دیا گیا، مہاجروں کو نشانہ بنایا گیا اور فیکٹریاں نذر آتش کی گئیں۔
نئے صوبوں پر ریفرنڈم کا مطالبہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم معاملے پر عوامی ریفرنڈم بہترین راستہ ہے، عوام کی رائے کو بالادستی حاصل ہونی چاہیے۔ وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے اور انہیں امید ہے کہ تحریک انصاف بھی اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کسی سیاسی جماعت کو بچانا ہے یا پاکستان کو۔ اگر عوام میں نئے صوبوں کی خواہش موجود نہ ہوتی تو بلاول بھٹو اس معاملے پر ناراضگی کا اظہار نہ کرتے۔ اس فیصلے میں تاخیر ہوئی تو شیطانی قوتیں اس معاملے میں شامل ہوسکتی ہیں۔ طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطا تارڑ بھی ریفرنڈم کے معاملے پر کھل کر بات کرچکے ہیں۔
18 سال میں 22 ہزار ارب روپے ملے، کراچی کی حالت نہ بدلی
مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سے ملنے والے اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے گئے۔ پیپلز پارٹی کو 17 سے 18 سال کے دوران 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی آج بھی رہنے کے قابل نہیں۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کارڈ استعمال کرنا ہو تو جیے سندھ کے ذریعے ایسا کروایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے دوران مقامی حکومتوں کے اختیارات کی تشریح کروانے کی کوشش کی گئی، لیکن پیپلز پارٹی نے اس کوشش کو کچل دیا۔ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آئی، کراچی کو تقسیم کرکے نئے اضلاع بنائے گئے۔ پہلے ملیر، پھر کیماڑی اور کورنگی ڈسٹرکٹ بنایا گیا اور اب کراچی کو سات اضلاع میں تقسیم کردیا گیا ہے۔
مہاجر آبادی کی نمائندگی اور ترقیاتی فنڈز کا معاملہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود اردو بولنے والے مہاجر ہیں اور ان کی جماعت نے ان علاقوں میں بھی پانی فراہم کیا جہاں تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز پیپلز پارٹی کے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وہ واحد لوگ ہیں جنہوں نے را کے نیٹ ورک کو توڑا، جبکہ شہر میں جب قتل و غارت گری ہوتی تھی تو یہ صورتحال بعض لوگوں کو سوٹ کرتی تھی۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ مہاجر سندھ کی آبادی کا 38 فیصد ہیں، تاہم آبادی کم شمار کیے جانے کے باوجود قومی ترقیاتی پروگرام میں ان کے حصے کے ایک ہزار ارب روپے بنتے ہیں، لیکن انہیں آٹھ روپے بھی نہیں دیے جاتے۔ ان کے مطابق 73 لاکھ افراد کو شمار کیے بغیر ہی آبادی کے اعداد و شمار مکمل کرلیے گئے۔