نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی 3 روپے 33 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کردی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نیپرا کی جانب سے قیمت میں اضافہ مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں جولائی کے بلز میں کی جائیں گی، اضافےکا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیپرا نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی تین روپے 41 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا اور کہا تھا کہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی وفاقی کابینہ نے مختلف کیٹیگریز کے لیے سرکولیشن سمری پر بجلی کے فکسڈ چارجز میں اضافے کی منظوری دی تھی، بجلی کے فکسڈ چارجز بڑھانے کی منظوری دی۔
ذرائع نے کہا تھا کہ کمرشل صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150 فیصد اضافہ منظور کیا گیا جس کے بعد کمرشل صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 500 سے بڑھ کر 1250 روپے ہوجائیں گے۔
صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافہ کیا گیا جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز 440 سے بڑھ کر 1250 روپے ہوجائیں گے۔
اسی طرح زرعی ٹیوب ویل صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 100 فیصد اضافہ منظور کیا گیا اور یہ 200 سے بڑھ کر 400 روپے ہوجائیں گے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ بجلی کے فکسڈ چارجز میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز ہے۔
اس سے قبل کل ہی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور اہم شرط پرعمل درآمد کرتے ہوئے بجلی کی بنیادی ٹیرف میں اضافہ کیا تھا، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری دی۔

