محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشنگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشنگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ شام یا رات کے وقت تیز ہوائیں چلنے اور بارش کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام یا رات میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، لاہور، جھنگ، لیہ، تونسہ، بھکر اور ڈی جی خان میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے، جہاں موسلادھار بارش کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا جبکہ بعد از دوپہر ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، زیارت، پشین، کوئٹہ، سبی، کوہلو، قلات، خضدار، خاران، پنجگور، آواران اور تربت میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہےلیکن ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔خاص طور پر گلگت بلتستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

editor

Related Articles