اسلام آباد ہائی کورٹ؛ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر عائد اعتراضات دور، سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ؛ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر عائد اعتراضات دور، سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر عائد اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ کیس کو پیر کے روز مقرر کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےکیس کی سماعت کی، جس میں عمران خان کی وکیل عائشہ خالد، شاہینہ شہاب اور دیگر پیش ہوئے۔ وکیل شاہینہ شہاب نے درخواست پر نوٹسز جاری کرنے کی استدعا کی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ جسٹس اورنگزیب نے وکیل سے استفسار کیا کہ اس درخواست پر تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ؛ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے دوران سیاسی گفتگو پر عائد پابندی کالعدم قرار

وکیل عائشہ خالد نے وضاحت کی کہ یہ توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے کہا ہے کہ رولز آف کنسسٹینسی ہے، مگر یہاں مرد درخواست گزار ہیں۔ بشری بی بی کی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی عورت تھیں تو تب ضمانت بنی۔ کل ہی میں نے اسی طرح کی ایک درخواست خارج کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ رجسٹرار آفس کا ایک اعتراض یہ ہے کہ وکالت نامہ جولائی کا ہے جبکہ کیس کا کاز آف ایکشن نومبر کا ہے۔

معزز جج نے شاہ خاور ایڈووکیٹ سےاستفسار کیا کہ اس معاملے پر آپ کی معاونت درکار ہے۔ جس پر شاہ خاور نے بتایا کہ یہ ایک روٹین پریکٹس ہے کہ جب درخواست گزار جیل میں ہو تو ہم ایک ساتھ وکالت نامے پردستخط کر لیتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیے اور درخواست کو پیر کو مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

editor

Related Articles