وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ڈیڑھ لاکھ اسامیاں ختم کر دی گئیں، محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ڈیڑھ لاکھ خالی اسامیاں ختم کر دی گئی ہیں، جن پر ابھی تک کوئی بھرتیاں نہیں ہوئیں تھیں۔

وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ان خالی آسامیوں میں سے 60 فیصد کو ختم کر دیا گیا ہے، اور اب ان اسامیوں پر مزید بھرتیاں نہیں کی جائیں گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اخراجات کو کم کیا جائے اور معیشت کو پائیدار ترقی کی جانب لے جایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس نظام میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات دسمبر سے جاری ہیں، اور معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ وفاقی وزارتوں کے 80 ذیلی اداروں کی تعداد کم کر کے 40 کردی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ نصف ادارے ختم کر دیے گئے ہیں، اور کچھ اداروں کو ضم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو وزارتوں کو بھی ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسرے مرحلے کے تحت وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، کامرس ڈویژن، ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 60 ذیلی اداروں میں سے 25 کو ختم، 20 میں کمی اور 9 کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت خدمات سے متعلق اسامیوں کو آؤٹ سورس کرنے جا رہی ہے اور رائٹ سائزنگ کے ذریعے سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور اہداف درست سمت میں جا رہے ہیں۔ یہ وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے حکومتی اخراجات کم ہوں گے اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

editor

Related Articles