اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے کس کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں؟ احسن اقبال

اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے کس کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں؟ احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت امن، استحکام، ترقی اور معاشی بحالی کی ضرورت ہے، ایسے میں اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ کس کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے آبائی حلقے نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کا قومی فریضہ ہے۔ ملک اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، تاہم پاکستان کو آگے بڑھنے کے لیے امن اور استحکام کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2027 پاکستان کے لیے نئی بلندیوں کا سال ہے۔ ملک کو ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے سیاسی اور معاشی استحکام کے ساتھ امن کی بھی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں ایسی فضا قائم ہو جہاں ترقیاتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی بحالی کا عمل جاری رہ سکے۔

یہ بھی پڑھیں :اپنے ہی گھر میں پی ٹی آئی کی تاریخی تذلیل: نعرے لاکھوں کے، سڑکیں ویران

احسن اقبال نے اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے والوں سے سوال کیا کہ وہ آخر کس کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے وقت سیاسی سرگرمیوں اور احتجاج کے طریقہ کار پر بھی غور کرنا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ ان اقدامات سے پاکستان کے استحکام اور ترقی پر کیا اثر پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ریاست میں قانون کی بالادستی بنیادی اہمیت رکھتی ہے،جرائم میں ملوث افراد کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا اور کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جاسکتا،احسن اقبال نے واضح کیا کہ اگر کسی شخص نے جرم کیا ہے تو کوئی لانگ مارچ اسے قانونی کارروائی سے نہیں بچا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور جرم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام، معاشی بحالی اور ترقی کے لیے اجتماعی توجہ درکار ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کے لیے استحکام ضروری ہے اور قومی سطح پر امن و ترقی کے اہداف کو ترجیح دینا ہوگی۔

editor

Related Articles