بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے بیرون ملک پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان

بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے بیرون ملک پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان

بلوچستان حکومت نے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے بیرون ملک پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کردیا، جس کے تحت ہر سال 10 امیدواروں کو دنیا کی ممتاز جامعات میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے لیے اسکالرشپس دی جائیں گی۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے یہ اسکالرشپس بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام کے اجرا پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام صوبے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا سے بلوچستان تک سیکیورٹی فورسز کا خوفناک کریک ڈاون ، 11 دہشت گرد جہنم واصل

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر شروع ہوچکا ہے اور یہ بلوچستان کے مستقبل کو بدلنے کا سفر ہے۔ دنیا کی بہترین جامعات بلوچستان کے نوجوانوں کا مقدر بنیں گی اور صوبے کا نوجوان مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی اسکالرشپس آنے والی نسلوں کے لیے امید، علم اور ترقی کے نئے دروازے ہیں۔ دہشتگردی کا مقابلہ علم، شعور اور ترقی کے مواقع فراہم کرکے کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق تھام کر پہاڑوں میں چھپنے والے نہیں بلکہ کتاب تھام کر علم و تحقیق کے میدان میں نام کمانے والے نوجوان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو علم اور تحقیق کے عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔

Related Articles