گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات ختم ہوگئی، جس میں صوبے میں امن و امان اور سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں جاری بدامنی اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کے دوران دہشتگردوں کو چیک پوسٹوں سے کراس کرانے میں مبینہ سہولت کاری کے خدشے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے صوبائی حکومت کے رویے کو صوبے کے مفاد کے منافی قرار دیا گیا۔ اعلامیے میں صوبائی حکومت پر یوٹرن، ہٹ دھرمی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق لانگ مارچ کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور اس معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں اس امر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ اگر صوبے کو بچانے کے لیے گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے کی نوبت آتی ہے تو گورنر ہاؤس آئینی کردار ادا کرے گا۔ملاقات میں انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا، چیف سیکرٹری اور کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری بھی موجود تھے۔