ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں کراچی پہنچا دی گئیں

ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں کراچی پہنچا دی گئیں

صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں کی میتیں اور 4 زخمی پاکستانی عملے کے ارکان کراچی پہنچ گئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفیروں نے چاروں زخمی پاکستانیوں اور تینوں میتوں کو ادیس ابابا سے روانہ کیا، جو ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ای ٹی 694 کے ذریعے کراچی پہنچے۔

کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والے زخمی پاکستانیوں میں عثمان غنی، عقیل خان، امین بن شمس اور یاسر خان شامل ہیں، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔

جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل منتقل کی گئیں، جبکہ زخمی عملے کے ارکان کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل سے منتقل کیا گیا۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی زخمیوں اور میتوں کو وصول کرنے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے، جہاں متاثرہ خاندانوں کے افراد بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: صومالیہ میں جاں بحق 3 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی، میتیں جلد پاکستان پہنچائی جائیں گی، دفتر خارجہ

ایم ٹی آنر 25 پر 10 پاکستانی شہریوں سمیت مختلف ممالک کے عملے کے ارکان سوار تھے۔ آئل ٹینکر کو اپریل میں صومالی قزاقوں نے ہائی جیک کرلیا تھا اور عملہ تقریباً 5 ماہ تک یرغمال رہا۔ اس دوران تاوان کی ادائیگی کے لیے ہونے والے مذاکرات میں کوئی نمایاں پیش رفت نہ ہوسکی۔

یرغمال عملے نے متعدد ویڈیو اور آڈیو پیغامات کے ذریعے مدد کی اپیل کی تھی، جبکہ خوراک، صاف پانی اور ادویات کی قلت سے بھی آگاہ کیا گیا تھا۔

29 ستمبر کو پنٹ لینڈ میری ٹائم پولیس نے دعویٰ کیا کہ بندر بیلا کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایم ٹی آنر 25 کو قزاقوں سے بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھی تصدیق کی تھی کہ کارروائی کے دوران 5 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 3 پاکستانی شامل تھے، جبکہ 3 پاکستانی زخمی ہوئے۔

تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کے حالات کے حوالے سے مختلف دعوے سامنے آئے۔ پنٹ لینڈ حکام کے مطابق کارروائی جہاز کو قزاقوں سے بازیاب کرانے کے لیے کی گئی، جبکہ انصار برنی ٹرسٹ کی وکیل قرۃ العین کے مطابق قزاقوں نے کارروائی کے دوران یرغمالیوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری مارا گیا۔

قرۃ العین کے مطابق قزاقوں نے ابتدائی طور پر 30 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا جسے بعد میں کم کرکے 10 لاکھ ڈالر کردیا گیا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

Related Articles