فیصل آباد: کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ، 17 افراد جاں بحق

فیصل آباد: کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ، 17 افراد جاں بحق

صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ملک پور کے علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اب تک اموات کی تعداد 17 ہوچکی ہے جبکہ 20 افراد زخمی ہیں  ۔

تفصیلات کے مطابق دھماکے سے فیکڑی میں آگ لگ گئی اور  دھماکے کے باعث فیکٹری اور ملحقہ مکانوں کی چھتیں بھی گر گئیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

 ریسکیو حکام نے بتایاکہ اب تک مزید افرادکی  لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ متعدد افراد کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور میں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا آغاز 26 نومبر سے ہوگا

اس حوالے سے ڈی سی فیصل آباد ندیم ناصر کا کہنا ہے کہ بوائلر پھٹنے سے ملحقہ گھروں کی چھتیں گر گئیں، حادثے میں 12 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے، جبکہ حادثے میں زخمی 15 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں نے  امدادی سرگرمیاں مکمل کر لی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بوائلر فیکٹری کے مالک کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ علاقہ مکینوں نے آباد علاقے میں قائم فیکٹری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق فیکٹری منیجر بلال کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ فیکٹری مالک قیصر چغتائی واقعے کے بعد فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں فیصل آباد میں ٹیکسٹائل مل میں اسٹیم بوائلر پھٹنے سے ایک درجن مزدور زخمی ہو گئے تھے۔ ریسکیو 1122 نے بتایا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں نہ صرف فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی بلکہ ایک ہال کی چھت بھی لپیٹ میں آگئی۔

editor

Related Articles