سینیٹر فیصل واوڈا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی یہ پیشگوئی مقررہ مدت سے پہلے درست ثابت ہوئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نےپہلے بھی جو کہا وہ سچ ثابت ہوا اور مستقبل میں بھی جو کہوں کا سچ ثابت ہوگا۔
فیصل واوڈا کے اس ردِعمل کو موجودہ ملکی سیاسی و عسکری حالات کے تناظر میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے حکومتِ پاکستان نے گزشتہ روز ملک کی عسکری قیادت سے متعلق بڑے فیصلے کیے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ ساتھ ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر تعینات کرنے کی سمری ایوانِ صدر کو ارسال کی گئی۔
بعد ازاں صدر نے سمری پر دستخط کئے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری دی ،یہ تقرری پانچ سالہ مدت کے لیے ہوگی جس کے بعد عسکری ڈھانچے میں ایک نئی اور مضبوط سطح کی قیادت قائم ہو جائے گی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی میں ایک نئے باب کا آغاز سمجھا جا رہا ہے، جہاں تینوں مسلح افواج کے درمیان رابطہ، ہم آہنگی اور مشترکہ آپریشنل فیصلوں میں مزید بہتری متوقع ہے۔
اس فیصلے کو پاکستان کے دفاعی ڈھانچے میں ایک بڑی اصلاح اور ادارہ جاتی مضبوطی کا قدم قرار دیا جا رہا ہے،اسی کے ساتھ وزیراعظم نے پاک فضائیہ میں بھی اہم توسیع کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ یہ توسیع مارچ 2026 میں اُن کی موجودہ پانچ سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد نافذ العمل ہوگی۔