گوگل نے سال 2025 کے لیے پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات پر مشتمل تفصیلی فہرست جاری کر دی ہے۔
اس فہرست میں سات مختلف کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں جن میں کرکٹ، ایتھلیٹس، لوکل نیوز، ٹیکنالوجی، ریسیپیز، ہاؤ ٹو اور ڈرامے شامل ہیں۔ گوگل کے مطابق ہر سال کھربوں سرچز میں سے وہ تلاشیں منتخب کی جاتی ہیں جو پورے سال کے دوران سب سے زیادہ ٹرینڈنگ رہتی ہیں، اور انہی کی بنیاد پر فہرست مرتب ہوتی ہے۔
کرکٹ کیٹیگری میں سب سے زیادہ سرچ ہونے والا موضوع پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ کا میچ رہا۔ اس کے بعد پاکستان سپر لیگ دوسرے، ایشیا کپ تیسرے اور پاکستان بمقابلہ بھارت چوتھے نمبر پر رہے۔ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، بھارت بمقابلہ انگلینڈ، پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، بھارت بمقابلہ آسٹریلیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور پاکستان بمقابلہ یو اے ای بالترتیب پانچویں سے دسویں نمبر پر سرچ کیے گئے۔
ایتھلیٹس کی فہرست میں بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما سب سے اوپر رہے جنہیں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ سرچ کیا۔ دوسرے نمبر پر حسن نواز، تیسرے پر عرفان خان نیازی اور چوتھے پر صاحبزادہ فرحان رہے۔ اس فہرست میں محمد عباس، صائم ایوب، یاسر خان، کاشت علی، سیف حسن اور عبدالصمد بھی شامل رہے جو بالترتیب پانچویں سے دسویں نمبر تک سرچ کیے گئے۔
لوکل نیوز کے حوالے سے سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا موضوع پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری رہا۔ کراچی فلڈز دوسرا، ایران تیسرا اور آسان کاروبار کارڈ چوتھے نمبر پر رہا۔ دریائے چناب کی سیلابی صورتحال، فیڈرل بورڈ کے میٹرک نتائج، کراچی بورڈ کے میٹرک نتائج، پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم، پاکستان میں سونے کی قیمت اور نویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ بھی صارفین کے درمیان نمایاں سرچز رہیں۔
ٹیکنالوجی کی کیٹیگری میں سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا لفظ گوگل جیمنائی رہا۔ اس کے بعد تماشا، ڈیپ سیک، مائی کو، On4t، گوگل اے آئی اسٹوڈیو، Claude، آئی فون 17، گروک اور نان فنجیبل ٹوکن دوسرے سے دسویں نمبر تک سرچ کیے گئے۔
ریسیپیز میں سینڈوچ بنانے کی ترکیب سب سے اوپر رہی۔ اس کے علاوہ فوڈ فیوژن ریسیپیز، Quinoa ریسیپیز، Dough ریسیپیز، میٹھے پکوان، مٹن ریسیپیز، آسان ریسیپیز، Tofu ریسیپیز، سوپ ریسیپیز اور بیف ریسیپیز بھی پاکستانی صارفین نے بڑی تعداد میں سرچ کیں۔
ہاؤ ٹو سیکشن میں سب سے زیادہ یہ تلاش کیا گیا کہ کراچی کا ای چالان کیسے چیک کیا جاتا ہے۔ دوسرے نمبر پر انسٹاگرام سے میسجز کو ان سینڈ کرنے کا طریقہ، تیسرے پر کار انشورنس سے متعلق معلومات اور چوتھے پر کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا طریقہ سرچ کیا گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے طریقے، کریڈٹ کارڈ کے لیے اپلائی کرنا، Ghibli فوٹو بنانے کا طریقہ، بہترین وکیل کا انتخاب، موبائل سے پرنٹ نکالنے اور بلاگ اپ لوڈ کرنے کا طریقہ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔