آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، نئی قیمتیں سامنے آ گئیں

آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، نئی قیمتیں سامنے آ گئیں

ملک کے مختلف اضلاع میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے عام شہریوں، خصوصاً غریب طبقے کے لیے روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 30 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ کراچی میں آٹا 40 روپے فی کلو تک مہنگا ہو گیا ہے۔ اسی طرح کوئٹہ میں دکانداروں نے آٹے کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پاکستان بدرالدین کاکڑ کا کہنا ہے کہ لاہور اور چند دیگر شہروں کے علاوہ سرکاری نرخوں پر آٹا ناپید ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کے بجائے 15 کلو آٹا فروخت کیا جا رہا ہے۔

بدرالدین کاکڑ کے مطابق 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار روپے مقرر کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ خوراک 20 کلو کے بجائے 15 کلو مہنگا آٹا فروخت کروا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آٹے کی بین الصوبائی پابندی ختم کی جائے اور پورے پنجاب میں گندم کا کوٹہ برابری کی سطح پر دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مہنگائی کامسلسل نیچے آنا معاشی استحکام اور بہتر گورننس کا اشارہ ہے،بلومبرگ

دوسری طرف شہریوں نے شکایت کی ہے کہ حکومت مقررہ نرخوں پر آٹے کی فروخت یقینی بنانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

Related Articles