اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے طبی معائنے کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیم جیل پہنچ گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹر عارف، ڈاکٹر ندیم قریشی سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز شامل ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم اپنے ہمراہ مختلف طبی آلات بھی لائی ہے تاکہ مکمل طبی معائنہ کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ کچھ عرصے سے آنکھوں میں تکلیف اور دھندلا پن محسوس ہونے کی شکایت ہے، جس کے باعث ماہر چشم ڈاکٹرز بھی معائنے میں شامل کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی بینائی، بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر طبی امور کا تفصیلی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کی مجموعی جسمانی حالت، نیند، خوراک اور ادویات کے استعمال کا ریکارڈ بھی چیک کرے گی تاکہ صحت سے متعلق مکمل رپورٹ تیار کی جا سکے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طبی معائنے کی حتمی رپورٹ متعلقہ حکام کو ارسال کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد مزید طبی سفارشات پر فیصلہ کیا جائے گا۔