شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 11 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشتگرد مارے گئے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے عناصر علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے بعد فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا، سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد وں کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام پالیسی کے تحت ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی،سیکیورٹی ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔