نواز شریف کا بھی پمز اسپتال واقعہ پر بڑا مطالبہ سامنے آ گیا

نواز شریف کا بھی پمز اسپتال واقعہ پر بڑا مطالبہ سامنے آ گیا

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے سانحے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ حکومت پمز ہسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کرائے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور جو لوگ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب پائے جائیں ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

سابق وزیراعظم نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر دل رنجیدہ ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ وہ غمزدہ والدین اور لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل دے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم کا پمز واقعہ پر سخت ایکشن، سیکرٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا

اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم نے حکومت پر زور دیا کہ واقعے کی تحقیقات میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اصل ذمہ داروں تک پہنچا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ آئندہ کسی خاندان کو اس طرح کے ناقابل تلافی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ پمز ہسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے پر ملک بھر میں افسوس اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں

Qaisar Mirza
editor

Related Articles