جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہاں نظر آنے والے ایک کاکروچ کے خاتمے کے بعد انہیں عجیب سی اداسی اور تنہائی محسوس ہوئی۔
جاپانی وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی سرکاری رہائش گاہ اور وہاں کام کرنے کے تجربات کے حوالے سے متعدد پوسٹس شیئر کیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں رہائش گاہ میں اب تک کوئی بھوت تو نظر نہیں آیا، تاہم ایک کاکروچ ضرور دکھائی دیا تھا۔
جاپانی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ طویل عرصے سے بھوتوں کی موجودگی سے متعلق افواہوں کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔ ان افواہوں کو ماضی میں وہاں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات سے جوڑا جاتا ہے۔ سانائے تاکائچی نے بتایا کہ ایک مرتبہ رہائش گاہ میں کاکروچ دیکھ کر وہ خوفزدہ ہوگئی تھیں اور ان کی چیخ نکل گئی تھی۔ تاہم انہوں نے اسے خود مارنے سے گریز کیا کیونکہ ان کے ذہن میں دوبارہ جنم لینے کا خیال آیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں امید تھی کہ کاکروچ خود ہی وہاں سے چلا جائے گا، لیکن جب انہوں نے اپنے معاونین کو اس کے بارے میں بتایا تو عملے نے اسے صحت اور صفائی کے لیے نامناسب قرار دیا۔
بعد ازاں عملے نے کیڑے مار دوا کا استعمال کیا اور کاکروچ کو ختم کردیا۔ وزیراعظم کے مطابق اس کے بعد انہیں سرکاری رہائش گاہ میں دوبارہ کوئی کاکروچ نظر نہیں آیا۔سانائے تاکائچی کا کہنا تھا کہ کاکروچ کے خاتمے پر انہیں اطمینان تو ہوا، تاہم اس کے ساتھ ہی ایک عجیب سی اداسی اور تنہائی بھی محسوس ہوئی۔
جاپانی وزیراعظم کا یہ دلچسپ انکشاف سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کررہا ہے، جہاں صارفین ان کے غیر معمولی تجربے پر مختلف تبصرے کررہے ہیں۔