پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر توانائی اویس لغاری کی سربراہی میں پاکستانی پاور سیکٹر وفد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران ریاض میں سعودی انرجی ورکنگ گروپ سے اہم ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاور ڈویژن کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی کے شعبے میں قریبی روابط برقرار رکھنے، جاری منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر توانائی اویس لغاری نے پاکستانی پاور سیکٹر میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر سعودی وفد کو بریفنگ دی اور بجلی کی ترسیل کے نظام میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں :لوڈشیڈنگ کہاں کہاں ہوگی اور کب تک جارہی رہےگی؟وزیر توانائی نے واضح کردیا

انہوں نے کہا کہ جدید ٹرانسمیشن انفرااسٹرکچر پاکستان کے توانائی مستقبل کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ اسمارٹ میٹرنگ کے ذریعے بجلی کے تکنیکی اور تجارتی نقصانات میں کمی لانے کے ساتھ صارفین کو بہتر، شفاف اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اصلاحاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے جبکہ حکومت سعودی سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

اجلاس میں جدید، مضبوط اور ٹیکنالوجی پر مبنی توانائی کے مستقبل کے لیے مشترکہ وژن کا اعادہ کیا گیا۔ وزیر توانائی نے سعودی انرجی ورکنگ گروپ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

editor

Related Articles