سوئی ناردرن گیس کو 50 ارب کا ریلیف، عام صارفین کو کیا فائدہ ہوگا؟تفصیلات سامنے آگئیں

سوئی ناردرن گیس کو 50 ارب کا ریلیف، عام صارفین کو کیا فائدہ ہوگا؟تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی حکومت نے گیس سیکٹر کے بڑھتے ہوئے مالی دباؤ اور گردشی قرضوں کے بحران کے پیش نظر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ایس این جی پی ایل کے 50 ارب روپے کے قرض پر وفاقی حکومت کی خودمختار گارنٹی کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ یہ گارنٹی اب 30 جون 2027 تک مؤثر رہے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ گیس کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھنے اور کمپنی کو درپیش مالی مشکلات میں کمی لانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس اقدام کے ذریعے گیس سیکٹر میں مالی استحکام پیدا کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :نئے سوئی گیس کنکشن کرانے کے خواہشمند افراد کے لئے اہم خبر

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس این جی پی ایل نے مذکورہ قرض کی ری فنانسنگ میزان بینک سے حاصل کی ہے، جہاں بینک نے تین ماہ کائیبور سے 30 بیسس پوائنٹس کم شرح پر فنانسنگ کی پیشکش کی۔ اس سہولت کے نتیجے میں کمپنی کو سالانہ تقریباً 15 کروڑ روپے کی بچت متوقع ہے۔

حکام کے مطابق قرض کی اصل رقم اور اس پر منافع کی ادائیگی کی مکمل ذمہ داری ایس این جی پی ایل پر ہی برقرار رہے گی، جبکہ وفاقی حکومت کی گارنٹی صرف قرض کے تحفظ اور مالیاتی ادارے کے اعتماد کو یقینی بنانے کے لیے استعمال ہوگی۔

دستاویزات کے مطابق دسمبر 2025 تک ایس این جی پی ایل کے واجبات بڑھ کر تقریباً 1.095 کھرب روپے تک پہنچ چکے تھے، جبکہ تاخیر سے ادائیگیوں کے باعث سرچارج کی رقم 931 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

 یہ بھی پڑھیں :سوئی ناردرن گیس کمپنی کا انوکھا کارنامہ ، 10 سال پرانے اربوں روپے کے بل بھیج دیے

گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت نے سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان بھی تیار کیا ہے، جسے پہلے ہی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے۔ اس منصوبے پر مالی سال 2026-27 کے دوران عمل درآمد متوقع ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ خودمختار گارنٹی میں توسیع سے ایس این جی پی ایل کی مالی مشکلات میں کمی آئے گی، گیس کی فراہمی کا نظام بہتر ہوگا اور ملک کے توانائی شعبے میں مالی استحکام لانے میں مدد ملے گی۔

editor

Related Articles