وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیر سے پاکستان کا رشتہ کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔
باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان کے مالک ہیں، پاکستان کا کونسا حصہ ہے جہاں کشمیری کام نہیں کر رہے؟ پاکستان میں کشیریوں کو سارے حقوق مل رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد، لاہور اور ملتان سمیت پاکستان کے ہر حصے میں کشمیریوں کو دیگر پاکستانیوں کے برابر حقوق، عزت اور مقام حاصل ہے، کشمیری مختلف شعبوں میں کاروبار اور ملازمتیں کررہے ہیں جبکہ پاک فوج میں بھی کشمیریوں کی شمولیت آبادی کے تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان اور کشمیر کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ معرکہ حق میں بھی کشمیری عوام اور پاک فوج پاکستان کے دفاع میں ایک ساتھ کھڑے رہے۔
مشیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی جموں و کشمیر ہمارے لیے تحریک تکمیل پاکستان ہے، پاکستان اور کشمیر کے درمیان مضبوط رشتے کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی، باغ اور پونچھ کے عوام کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت پاکستان اور کشمیر کے درمیان اسی مضبوط وابستگی کا ایک اور اظہار ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے آزاد کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے بات کرتے کہا کہ 2 دن بعد الیکشن میں 4 شیر منتخب ہو کر اسمبلی پہنچیں گے، آزاد کشمیر میں ن لیگ کو دو تہائی اکثریت کے لیے 6 سیٹوں کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے ، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ 10 اگست کو باغ اور پونچھ ڈویژن سے مزید 4 مسلم لیگ (ن) کے ارکان منتخب ہوئے تو پارٹی دو تہائی اکثریت کے مزید قریب پہنچ جائے گی، جبکہ پونچھ ڈویژن کی باقی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی امید ہے۔

