ایک کارڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے کیلئے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض، اہلیت اور طریقہ کار جانیے

ایک کارڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے کیلئے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض، اہلیت اور طریقہ کار جانیے

بیرونِ ملک جانے کے خواہشمندوں  کیلئے 10 لاکھ روپے تک کے قرض کے حصول کے لئے اہلیت اور درخواست دینے کا آسان طریقہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے بیرونِ ملک روزگار کی تلاش میں جانے والے شہریوں کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے “پرواز کارڈ” اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ،  اہل افراد کو بیرونِ ملک ملازمت کے لیے درکار ابتدائی اخراجات پورے کرنے کی خاطر 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے اہم ہے جن کے پاس بیرونِ ملک ملازمت کا تصدیق شدہ آفر لیٹر موجود ہے لیکن ویزا، میڈیکل، ٹکٹ اور دیگر ضروری اخراجات برداشت کرنا مشکل ہے۔

پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو محفوظ اور قانونی طریقے سے بیرونِ ملک روزگار تک رسائی دینا ہے۔

پرواز کارڈ کیا ہے؟

پرواز کارڈ حکومتِ پنجاب کا ایسا پروگرام ہے جس کے ذریعے بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے والے اہل افراد کو روانگی سے قبل کے اخراجات کے لیے بلاسود مالی سہولت دی جاتی ہے۔

قرض کی رقم 3 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔ اس رقم کو ویزا فیس، میڈیکل اخراجات، پروٹیکٹوریٹ فیس، فضائی ٹکٹ، اسکل ویری فکیشن اور لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی فیس جیسے ضروری اخراجات کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کون افراد پرواز کارڈ کے لیے اہل ہیں؟

سرکاری معلومات کے مطابق درخواست دینے والے کا پنجاب کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے ، اس کے علاوہ امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال اور اس کے پاس درست شناختی کارڈ ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :پرائیویٹ حج کا نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ ، بکنگ وزارتِ مذہبی اُمور کے ذریعے ہوگی

درخواست گزار کے پاس کسی غیر ملکی آجر کی جانب سے ملازمت کا تصدیق شدہ آفر لیٹر بھی ہونا ضروری ہے،  پروگرام کی ویب سائٹ کے مطابق ملازمت کی تنخواہ 5 ہزار سعودی ریال سے کم یا دیگر کرنسی میں اس کے مساوی ہونی چاہیے۔

درخواست دینے کا طریقہ

اہل امیدوار پرواز کارڈ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں ، جن افراد کے پاس پہلے سے بیرونِ ملک ملازمت کا آفر لیٹر موجود ہے، وہ براہِ راست درخواست دے سکتے ہیں یا رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے ذریعے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

درخواست کے دوران آفر لیٹر، میڈیکل سرٹیفکیٹ اور اسکل ویری فکیشن سے متعلق مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔  پی ایس ڈی ایف درخواست کا جائزہ لینے کے بعد امیدوار کو اگلے مرحلے سے آگاہ کرتا ہے۔

منظوری کے بعد بینک کے ذریعے قرض کی کارروائی مکمل کی جاتی ہے، سرکاری طریقہ کار کے مطابق قرض کی منظور شدہ رقم کا ایک حصہ مخصوص مراحل کے بعد دستیاب ہوتا ہے، جبکہ باقی رقم ویزا، ٹکٹ اور دیگر منظور شدہ اخراجات کی ادائیگی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

پرواز کارڈ اسکیم کے ذریعے پنجاب حکومت نے بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند افراد کے لیے مالی رکاوٹ کم کرنے پر توجہ دی ہے۔ PSDF اور بینک آف پنجاب کے معاہدے کے مطابق پروگرام کا ہدف 4 لاکھ 50 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تک رسائی دینا ہے، جبکہ دو سال میں 45 ہزار افراد کو قرض فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے نوجوانوں کو قانونی اور محفوظ طریقے سے بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ساتھ ہی، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں اضافے اور خاندانوں کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پرواز کارڈ کے لیے درخواست دینے والے افراد کو چاہیے کہ وہ صرف سرکاری پورٹل اور رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے کارروائی کریں اور کسی غیر مصدقہ شخص کو رقم یا ذاتی دستاویزات فراہم نہ کریں۔

editor

Related Articles