مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت بھی حاصل کر لی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ، ن لیگ 45 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جس میں سے ن لیگ نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی محض 3 نشستیں ہی حاصل کر سکی، ن لیگ نے مظفر آباد کی 4 نشستیں بھی اپنے نام کیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 پر ن لیگ کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے مہاجرین کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
مشیروزیراعظم کا کہنا تھا کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا جس پر ہم شکر گزار ہیں اور تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بننے جا رہی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت تمام عوامی مسائل حل کرے گی اور نواز شریف نے عوام سے جو دعدے کیے ہیں وہ پورے کرے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کرتے ہوئے اسے ووٹ دیا، جبکہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم عوام نے جمہوری عمل کو کامیاب بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی بات کرنے والے دھرنوں اور احتجاجوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دیں، آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر مینڈیٹ دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں نے متحد ہو کر انتخابی مہم چلائی، جس کا نتیجہ عوامی حمایت کی صورت میں سامنے آیا۔
وفاقی وزیر نے انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں دونوں اداروں نے قابلِ تحسین کردار ادا کیا، جمہوریت، کشمیری عوام اور ریاست کی فتح ہے، جبکہ انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں ریاست کی عملداری مزید مضبوط ہوگی۔