ابوظہبی میں ایک نایاب ’سپر وائٹ‘ شاہین نے نیلامی میں سب کی توجہ حاصل کرلی، جسے 2 لاکھ 50 ہزار درہم میں فروخت کیا گیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک کروڑ 89 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
ابوظہبی کے ادنیک سینٹر میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ’ایڈی ہیکس‘ کی پہلی نیلامی کے دوران نایاب شاہین کی بولی نے اس وقت سب کو حیران کردیا جب اماراتی بولی دہندہ خالد بن سیفان نے اچانک بولی میں بڑا اضافہ کردیا۔ خالد بن سیفان نے شاہین کی بولی 2 لاکھ 10 ہزار درہم سے بڑھا کر براہ راست 2 لاکھ 50 ہزار درہم کردی اور نایاب پرندہ اپنے نام کرلیا۔
کامیاب بولی کے بعد خالد بن سیفان نے اماراتی روایتی شاعری کا ایک مخصوص شعر پڑھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا، جس پر تقریب میں موجود شائقین نے بھرپور داد دی۔ ہفتے کی شام ہونے والی نیلامی میں مجموعی طور پر 7 نایاب شکاری پرندے پیش کیے گئے، تاہم ’سپر وائٹ جیر‘ سب سے زیادہ قیمت میں فروخت ہونے والا شاہین رہا۔
نیلامی میں خریدے گئے شاہینوں کو ’ایڈی ہیکس بیج‘ حاصل کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ 2026 اور 2027 کے سیزن میں ہونے والے تاریخی ’پریذیڈنٹ کپ فالکنری مقابلے‘ میں شرکت کرسکیں گے۔
نمائش کی مرکزی سرگرمیاں 28 اگست سے 6 ستمبر تک جاری رہیں گی، اس دوران مجموعی طور پر 8 مختلف نیلامیاں منعقد ہوں گی، جن میں آن لائن اور بالمشافہ بولی لگانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔