معروف اطالوی کار ساز کمپنی فراری نے تاریخ رقم کردی ، پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی نے نیلامی میں حیران کن قیمت حاصل کرکے نیا ریکارڈ بنا دیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فراری کی ’لوس‘ نامی خصوصی ’’ٹیلر میڈ‘‘ الیکٹرک کار مونٹیری کار ویک کے دوران سوتھبیز کی چیریٹی نیلامی میں 40 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی۔
اس قیمت کے ساتھ یہ گاڑی نیلامی میں فروخت ہونے والی اب تک کی سب سے مہنگی نئی کار بن گئی ہے , کیلیفورنیا میں ہونے والی RM Sotheby’s کی چیریٹی نیلامی سے یہ رقم حاصل ہوئی، نیلام گھر کے مطابق فراری کی یہ گاڑی عام فراری لوس کی قیمت سے 35 گنا سے بھی زیادہ رقم میں فروخت ہوئی۔
گاڑی میں منفرد ڈیزائن کے پہیے، اپنی مرضی کے مطابق تیار کیے گئے بریکس اور سفید رنگ کی خصوصی فنش شامل ہے ، یہ منفرد خصوصیات اسے عام لوس ماڈلز سے الگ بناتی ہیں، جبکہ پہلی پروڈکشن گاڑی ہونے کی وجہ سے اس کی نیلامی میں حاصل ہونے والی غیر معمولی قیمت نے اسے مزید خاص بنا دیا ہے۔
فراری کمپنی کے مطابق لوس کی نیلامی نے گزشتہ سال قائم ہونے والا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ، 2025 میں اس کی خصوصی طور پر تیار کردہ ڈائٹونا SP3 نیلامی میں 26 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
فراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی کی اتنی بڑی قیمت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی کو اپنی الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے تنقید کا بھی سامنا رہا ہے تاہم لوس کی ریکارڈ قیمت نے ظاہر کیا ہے کہ فیراری برانڈ کی نایاب اور خصوصی گاڑیوں کے لیے دنیا کے دولت مند خریدار اب بھی کروڑوں ڈالر خرچ کرنے کو تیار ہیں۔
یہ نیلامی کیلیفورنیا میں جاری مونٹیری کار ویک کے دوران منعقد ہوئی، جہاں دنیا بھر کے قیمتی اور نایاب آٹوموبائل ماڈلز کی نمائش اور نیلامی کی جاتی ہے، اس فروخت نے نہ صرف فراری کی برقی گاڑیوں کے شعبے میں آمد کو نمایاں کیا بلکہ نئی گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔