موسمِ گرما کی تعطیلات کے اختتام کے بعد ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے تاہم چاروں صوبوں میں اسکول کھلنے کی تاریخیں مختلف ہیں سندھ میں آج سے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں الگ الگ شیڈول کے مطابق تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے۔
سندھ حکومت کے اعلان کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات 31 جولائی کو ختم ہو گئی ہیں اور یکم اگست 2026 سے سرکاری اور نجی اسکولوں میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں چھ روزہ تدریسی ہفتہ نافذ ہوگا، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کو اپنی پالیسی کے مطابق ورکنگ ڈیز طے کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔
بلوچستان کے محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے ونٹر زون میں موسمِ گرما کی تعطیلات 18 جولائی سے 2 اگست تک رہیں گی جبکہ 3 اگست (پیر) سے سرکاری اور نجی دونوں تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی افسران اور اسکول انتظامیہ کو بروقت کلاسز کے آغاز کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
خیبرپختونخوا میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد بیشتر سرکاری اور نجی اسکولوں میں یکم اگست سے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کا شیڈول ہے جبکہ بعض اضلاع میں مقامی موسمی حالات کے مطابق معمولی فرق ہو سکتا ہے۔ طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ تعلیمی ادارے سے اوقاتِ کار اور شیڈول کی تصدیق کریں۔
پنجاب میں طلبہ کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں طویل موسمِ گرما کی تعطیلات دی گئی ہیں۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق سرکاری اور نجی اسکولوں میں 24 اگست 2026 سے تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔
سوشل میڈیا پر 3 اگست سے اسکول کھلنے کی گردش کرنے والی خبروں کو حکام نے غلط قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ تاحال سرکاری طور پر 24 اگست ہی بحالی کی تاریخ ہے۔ حکومتی شیڈول کے برعکس نجی تعلیمی اداروں نے پیر سے سکول کھولنے کا اعلان کر دیا ہے
تعلیمی حکام نے والدین اور طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف متعلقہ صوبائی محکمہ تعلیم کے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشنز اور اعلانات پر اعتماد کریں کیونکہ مختلف صوبوں میں موسمی حالات اور تعلیمی پالیسی کے مطابق تعطیلات اور اسکول کھلنے کی تاریخیں الگ الگ مقرر کی گئی ہیں