وزیراعظم سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں پر گفتگو

وزیراعظم سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں پر گفتگو

گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی، وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جبکہ پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات گورننس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس اکانومی پاکستان حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے۔ کیش لیس پاکستان کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم کو بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، مستحق خواتین کو اپنی مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔

وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مرکوز اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Related Articles