صومالیہ میں جاں بحق 3 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی، میتیں جلد پاکستان پہنچائی جائیں گی، دفتر خارجہ

صومالیہ میں جاں بحق 3 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی، میتیں جلد پاکستان پہنچائی جائیں گی، دفتر خارجہ

صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ’ایم ٹی آنر 25‘  کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی عملے کے ارکان کی میتیں جلد از جلد وطن منتقل کی جائیں گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز کی بازیابی کے آپریشن کے دوران 5 عملے کے ارکان کی ہلاکت پر پاکستان کو گہرا دکھ ہے۔

انہوں نے جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں کی شناخت رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے نام سے کی۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران عملے کے 4 دیگر ارکان بھی زخمی ہوئے، جن میں 3 پاکستانی شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سجاد حیدر خان نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والے عملے کے ارکان کو ابتدائی طور پر بندر بیلا کے ساحل پر لایا گیا تھا، جہاں سے انہیں محفوظ طریقے سے گاروے منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی عملے کے ارکان کا گاروے میں علاج جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ایران امریکا رابطوں میں کردار ادا کررہا ہے، واشنگٹن سے رابطہ برقرار ہے، ترجمان دفتر خارجہ

انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام پاکستان جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی، جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی عملے کے ارکان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ بحری جہاز کا عملہ 11 اپریل سے یرغمال تھا اور بازیابی آپریشن کا مقصد پاکستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے عملے کے افراد کو بازیاب اور رہا کرنا تھا۔

سجاد حیدر خان نے کہا کہ جہاز کی بازیابی کے عمل کے دوران 3 پاکستانیوں سمیت 2 دیگر ممالک کے شہری بھی جان کی بازی ہار گئے۔

ترجمان کے مطابق جبوتی میں تعینات پاکستان کے سفیر ادیس ابابا کے لیے روانہ ہو رہے تھے، جبکہ نائب سربراہ مشن پہلے ہی گاروے میں موجود ہیں اور ہسپتال میں زیر علاج پاکستانی عملے کے ارکان سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں بھی وہاں موجود پاکستانی سفارتی حکام کی تحویل میں ہیں۔

میتوں کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر ترجمان نے بتایا کہ انہیں ادیس ابابا ایئرپورٹ کے ذریعے ایتھوپین ایئرلائنز سے پاکستان منتقل کیا جائے گا، جو پاکستان کے لیے براہ راست پرواز چلاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میتوں کی منتقلی کا وقت مقامی انتظامی کارروائی اور عملے کے ارکان کی طبی صورتحال پر منحصر ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت اور پاکستانی سفارتخانہ پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں بھی جلد از جلد وطن منتقل کی جائیں گی۔

Related Articles