ہنگری کے شہری کا انوکھا شوق گنیز ورلڈ ریکارڈ بن گیا، 2 ہزار سے زائد انرجی ڈرنک کینز جمع کرلیے

ہنگری کے شہری کا انوکھا شوق گنیز ورلڈ ریکارڈ بن گیا، 2 ہزار سے زائد انرجی ڈرنک کینز جمع کرلیے

ہنگری کے شہری گرگو بوربیلی کا انرجی ڈرنک کینز جمع کرنے کا شوق گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن گیا، انہوں نے مختلف ممالک سے 2 ہزار سے زائد منفرد کینز جمع کر رکھے ہیں۔

گرگو بوربیلی کے مطابق اگست 2008 کے ایک شدید گرم دن وہ ٹھنڈا مشروب خریدنے قریبی دکان پر گئے، جہاں انہیں صرف ’ہیل‘ انرجی ڈرنک دستیاب تھی۔ پہلی بار اس کا ذائقہ پسند آنے کے بعد انہوں نے مختلف برانڈز کے انرجی ڈرنکس آزمانا شروع کردیے۔

انہوں نے بتایا کہ ہاسٹل کے کمرے میں جب انرجی ڈرنک کے کینز کی تعداد بڑھنے لگی تو ابتدائی طور پر انہوں نے انہیں ری سائیکل کرنے کا سوچا، تاہم بعد میں ہر برانڈ کا ایک کین یادگار کے طور پر کمرے کی شیلف پر رکھنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کارکنوں کی عدم دلچسپی اور مارچ کی تیاریوں پر اختلاف، پی ٹی آئی آج حکومت سے مذاکرات کرے گی

وقت گزرنے کے ساتھ یہ مجموعہ وسیع ہوتا گیا اور گرگو بوربیلی نے جاپان، امریکا اور یورپ کے سفر کے دوران بھی نایاب انرجی ڈرنک کینز جمع کرنا شروع کردیے۔

ان کے مجموعے میں 1990 کی دہائی کا نایاب ’مائیکل جیکسن مسٹری‘ انرجی ڈرنک کین اور سابق یوگوسلاویہ کا تاریخی ’گوارانا‘ کین بھی شامل ہے۔

گرگو بوربیلی نے 2 ہزار مختلف انرجی ڈرنک کینز جمع کرکے عالمی ریکارڈ قائم کرلیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اس منفرد کلیکشن کو مزید بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

Related Articles