پی ٹی آئی کی ہٹ دھر می برقرار،وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کھٹائی میں پڑ گئی

پی ٹی آئی کی ہٹ دھر می برقرار،وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کھٹائی میں پڑ گئی

چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت آگے نہ بڑھ سکی۔ وزیراعظم کی جانب سے رابطے کے باوجود اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے ملاقات تاحال نہیں ہو پائی۔

ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے وزیراعظم سے ملاقات سے قبل بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنے کی شرط رکھی ہے، تاہم حکومت نے اس شرط کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق آئینی نوعیت کے معاملات پر فیصلہ سازی اور مشاورت وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ہونی چاہیے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سزا یافتہ شخص کا آئینی تقرریوں سے متعلق مشاورتی عمل میں کردار نہیں ہوسکتا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر کو پہلے ہی دو خطوط ارسال کرچکے ہیں، تاہم ان خطوط کے باوجود ملاقات کا معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی نے پارلیمنٹ یا وزیراعظم آفس میں ملاقات کے لیے بھی آمادگی ظاہر نہیں کی۔ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی شرط کے باعث آئینی تقرریوں پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت تعطل کا شکار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری کے لیے آئینی مشاورت مکمل ہونا ضروری ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات نہ ہونے کے باعث معاملہ مزید آگے نہیں بڑھ سکا۔

editor

Related Articles