عمان کے وزیر خارجہ 13 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے

عمان کے وزیر خارجہ 13 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے

پاکستان کے سفارتی محاذ پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، جبکہ روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اہم بات چیت ہوگی۔

سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران اسلام آباد میں پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کریں گے۔

اجلاس میں پاکستان اور عمان کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد اہم مشاورت، وزیراعظم نے اتحادیوں کا اجلاس کل طلب کرلیا

عمان کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ دورے سے مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان اور روس کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

یہ کسی بھی روسی وزیر داخلہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

اسلام آباد آمد پر وزیر مملکت طلال چوہدری نے روسی وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورہ پاکستان کے دوران روسی وزیر داخلہ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔

Related Articles