پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا ہوگیا

پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا ہوگیا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے 13 اکتوبر 2026 کے لیے پیٹرول 2 روپے 93 پیسے فی لیٹر سستا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 61 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 93 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 398 روپے 30 پیسے سے کم ہوکر 395 روپے 37 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 396 روپے 24 پیسے سے بڑھ کر 396 روپے 85 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 13 اکتوبر 2026 تک ایک روز کے لیے کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں، پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آٹا، مرغی، پیٹرول سب مہنگے، ایک ہفتے میں مہنگائی مزید بڑھ گئی، حکومتی رپورٹ نے ہلا کر رکھ دیا

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 23 مرتبہ کمی اور 35 مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے۔ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 23 مرتبہ کمی جبکہ 35 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ جمعے کو حکومت نے 10 سے 12 اکتوبر تک تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا تھا۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 398 روپے 30 پیسے مقرر کی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد قیمت 396 روپے 24 پیسے ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کررہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

Related Articles