بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، اتحاد المجاہدین پاکستان کا مقامی کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک

بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، اتحاد المجاہدین پاکستان کا مقامی کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک

بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، سکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن میں اتحاد المجاہدین پاکستان (آئی ایم پی) کا ایک مقامی کمانڈر بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقے کرم گڑھی ممد خیل میں تھانہ بنوں کینٹ کی حدود میں رات 8 بج کر 30 منٹ پر سی ٹی ڈی بنوں، سکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت محب خان عرف سمین ولد شیر عبداللہ، سکنہ گریرا امام شاہ، بنوں کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ اتحاد المجاہدین پاکستان کا مقامی کمانڈر تھا اور تنظیم کے کمانڈر زر گل عرف انکل کا بھتیجا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک دہشت گرد سی ٹی ڈی بنوں کو 22 مقدمات میں مطلوب تھا۔ وہ ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور سکیورٹی فورسز پر دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈی) کے حملوں، اغوا، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی طور پر سڑکیں بند کرنے کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
دوسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

Related Articles