بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کا اقدام، 173 جوان پاک فوج کا حصہ بن گئے

بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کا اقدام، 173 جوان پاک فوج کا حصہ بن گئے

بلوچ ٹریننگ ونگ کوئٹہ میں بنیادی فوجی تربیت مکمل کرنے والے 173 جوانوں کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس کے بعد تربیت مکمل کرنے والے جوان باقاعدہ پاک فوج کا حصہ بن گئے جنرل آفیسر کمانڈنگ کوئٹہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

 بلوچ ٹریننگ ونگ میں بنیادی فوجی تربیت کے کورس نمبر 22 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے پریڈ کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور تربیت کا مظاہرہ کیا اس موقع پر 173 جوانوں نے اپنی بنیادی فوجی تربیت کامیابی سے مکمل کی اور پاک فوج میں شمولیت اختیار کرلی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ کوئٹہ نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے جوانوں کی تربیت اور کارکردگی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت کو بریک لگ گئی، ستمبر میں بڑی کمی ،آٹو مارکیٹ ہل گئی

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کے اہلِ خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اہلِ خانہ نے اپنے پیاروں کو فوجی تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شامل ہوتے دیکھا، جبکہ جوانوں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔

تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مادرِ وطن کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے اور اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، جذبے اور لگن کے ساتھ انجام دیں گے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے پاک فوج میں سپاہی کی حیثیت سے شمولیت اور کامیابی سے بنیادی فوجی تربیت مکمل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج میں شامل ہونا ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ ملک کے دفاع کے جذبے کے تحت فوج میں بھرتی ہوئے ہیں۔

تقریب میں جوانوں کے عزم، نظم و ضبط اور وطن سے وفاداری کے جذبے کو نمایاں کیا گیا۔ بنیادی فوجی تربیت کی تکمیل کے بعد ان جوانوں کی پاک فوج میں شمولیت ان کے پیشہ ورانہ سفر کا اہم مرحلہ ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles