موٹروے پر ٹول ٹیکس میں اضافے پر ہائیکورٹ نے این ایچ سے جواب طلب کر لیا

موٹروے پر ٹول ٹیکس میں اضافے پر ہائیکورٹ نے این ایچ سے جواب طلب کر لیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر ٹول ٹیکس میں اضافے، ایم ٹیگ اور جرمانوں سے متعلق درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جوڈیشل ایکٹیویزم پینل کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق کے معاون وکیل اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ٹول ٹیکس میں اضافے کے معاملے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ٹول پلازہ کا معاملہ ہی ختم ہو گیا ہے، اب تو وہ بڑھ گیا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ این ایچ اے اپنے طور پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کیسے کر سکتی ہے؟ انہوں نے ٹول ٹیکس کی موجودہ شرح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے، گیارہ سو روپے سے بھی زیادہ وصول کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کا کسانوں کو بڑا ریلیف، بلاسود قرضوں کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ کا نیا مرحلہ شروع

اس موقع پر این ایچ اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹول ٹیکس میں چار سال تک اضافہ نہیں کیا گیا تھا اور اس معاملے پر عدالت کی معاونت کی جائے گی۔ این ایچ اے کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ اسی نوعیت کا ایک اور معاملہ دوسری عدالت میں زیر سماعت ہے۔

ایم ٹیگ سے متعلق کارروائی کے دوران این ایچ اے کے وکیل نے بتایا کہ ایک دوسرے مقدمے میں ایم ٹیگ کے معاملے پر حکم امتناع جاری ہے، جس کے باعث اب کوئی ایم ٹیگ نہیں لگوا رہا۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یہ مقدمہ جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں زیر سماعت ہے

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اس صورت حال پر کہا کہ اس مقدمے کو بھی منگوا لیتے ہیں اور اسی نوعیت کے دیگر مقدمات کو بھی یکجا کر لیا جائے گا۔ عدالت نے این ایچ اے کے وکیل کو ہدایت کی کہ اپنا جواب باقاعدہ فائل کی صورت میں جمع کرائیں تاکہ اسے آن لائن بھی کیا جا سکے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے درخواست گزار کے معاون وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کو آئندہ سماعت پر پیشی یقینی بنانے کے لیے کہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر وکیل صاحب پیش نہ بھی ہوئے تو عدالت مقدمات کی سماعت کرے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹول ٹیکس میں اضافے، ایم ٹیگ اور اسی نوعیت کے دیگر متعلقہ مقدمات یکجا کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles