بشریٰ بی بی کو بڑا عدالتی جھٹکا،سزا معطلی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار

بشریٰ بی بی کو بڑا عدالتی جھٹکا،سزا معطلی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار

وفاقی آئینی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے دی،چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر ان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے، جبکہ سلمان اکرم راجہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

وکیل کے دلائل

سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتوں نے ہمیشہ خواتین کے معاملات میں نرم گوشہ رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کا طرزِ عمل گزشتہ 13 ماہ کے دوران قابلِ اعتراض رہا اور ادارے نے متعدد سماعتوں پر التوا بھی لیا۔

وکیل نے کہا کہ نیب نے سزا معطلی کی درخواست پر بھی اعتراض کیا، تاہم سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت کا قانونی جواز پیدا ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی نے خاتون ہونے کی بنیاد پر سزا معطلی کی استدعا کی، لیکن مقدمے میں زیادہ توجہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر مرکوز رہی۔

عدالت کے سوالات

چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ اس مرحلے پر مقدمے کے میرٹ پر جانے کے بجائے عدالت کے سامنے موجود سزا معطلی کی درخواست کو دیکھا جائے گا،جسٹس باقر نجفی نے استفسار کیا کہ مرکزی اپیل کتنی مرتبہ سماعت کے لیے مقرر ہوئی ہے۔

سماعت مکمل ہونے پر چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ عدالتی حکم کا انتظار کیا جائے،عدالت نے سلمان صفدر کو تحریری دلائل کے نکات جمع کرانے کی ہدایت بھی کی بعدازاں وفاقی آئینی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے دی۔

editor

Related Articles