پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول الخیر اسکول سسٹم کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے 16 طلبہ کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں گورنر، سول انتظامیہ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام میتیں تدفین کے لیے ان کے آبائی قبرستانوں کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کالج روڈ پر پیش آیا، جس کے بعد زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال محمد عاصم کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے 21 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام بچوں کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان ہیں، جبکہ ان میں 6 بچیاں بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، جہاں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔