متاثرین کو امداد، ذمہ داروں کا احتساب! پشاور واقعے کے شہدا کے ورثا کیلئے 10 لاکھ، زخمیوں کو 2 لاکھ دینگے، تمام اسکولوں کا آڈٹ ہوگا،گورنر کے پی
Home - آزاد سیاست - متاثرین کو امداد، ذمہ داروں کا احتساب! پشاور واقعے کے شہدا کے ورثا کیلئے 10 لاکھ، زخمیوں کو 2 لاکھ دینگے، تمام اسکولوں کا آڈٹ ہوگا،گورنر کے پی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی فوری انکوائری شروع کردی گئی ہے، جس کا دائرہ سرکاری اور نجی دونوں شعبوں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق واقعے کے زخمیوں کی اسپتال میں عیادت کی گئی جبکہ جاں بحق افراد کے جنازوں میں بھی شرکت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا تاکہ غفلت کے اسباب سامنے آسکیں۔
صوبے بھر کے اسکولوں کا آڈٹ
گورنر کے مطابق خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کی عمارتوں کا اسٹرکچرل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی تعلیمی اداروں سے چار روز کے اندر عمارتوں کی حالت سے متعلق رپورٹس طلب کرلی گئی ہیں، جبکہ انکوائری میں سرکاری اور نجی شعبے دونوں کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ماضی میں اسکولوں کو پابند کرنے یا ان کے انتظامات کو منظم کرنے سے متعلق قوانین اور اختیارات میں تبدیلی کیوں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارتوں کے لیے این او سی جاری کرنے والے حکام کا بھی احتساب کیا جائے گا اور کسی کو ذمہ داری سے فرار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہداء کے ورثا اور زخمیوں کے لیے امداد
صوبائی حکومت کی جانب سے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے،گورنر نے واضح کیا کہ اسکولوں کے انتظامات میں غفلت برتنے اور بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ ان کے مطابق انکوائری کے نتائج کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔