آپ کا موبائل اب کمپیوٹر بھی بند کرے گا، مائیکروسافٹ نے کیا بدل دیا

آپ کا موبائل اب کمپیوٹر بھی بند کرے گا، مائیکروسافٹ نے کیا بدل دیا

مائیکروسافٹ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اپنی ایپ ’لنک ٹو ونڈوز‘ میں نئے فیچرز متعارف کرانے شروع کردیے ہیں، جن کی مدد سے اب موبائل فون کے ذریعے دور بیٹھے ونڈوز کمپیوٹر کو شٹ ڈاؤن، ری اسٹارٹ یا سلیپ موڈ میں بھیجا جا سکے گا۔

اس سے پہلے یہ ایپ صارفین کو اینڈرائیڈ فون اور ونڈوز کمپیوٹر کے درمیان کالز، میسجز، تصاویر اور فائلز تک رسائی اور منتقلی کی سہولت فراہم کرتی تھی۔ اس کے علاوہ صارفین اپنے کمپیوٹر کو موبائل فون سے لاک بھی کرسکتے تھے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق، نئے فیچر کے تحت ایپ میں موجود ’لاک پی سی‘ کے آپشن کی جگہ پاور بٹن دیا جا رہا ہے۔ اس بٹن پر کلک کرنے سے صارفین کو چار آپشنز، لاک پی سی، سلیپ پی سی، شٹ ڈاؤن اور ری اسٹارٹ نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ میں انسٹاگرام اور فیس بک کا نیا فیچر متعارف

ان آپشنز کی مدد سے صارفین کو کمپیوٹر بند کرنے یا دوبارہ چلانے کے لیے اس کے سامنے موجود ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی، بشرطیکہ فون اور کمپیوٹر کے درمیان ضروری کنکشن قائم ہو۔

تاہم، کمپیوٹر کو شٹ ڈاؤن یا ری اسٹارٹ کرنے سے پہلے ایپ صارف کو خبردار کرے گی کہ محفوظ نہ کیا گیا ڈیٹا ضائع ہوسکتا ہے۔ اس لیے کسی بھی آپشن کو منتخب کرنے سے پہلے ضروری فائلز محفوظ کرنا بہتر ہوگا۔

یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوسکتا ہے جو اپنا کمپیوٹر کسی دوسرے کمرے میں چھوڑ دیتے ہیں یا کام ختم ہونے کے بعد اسے دور سے بند کرنا چاہتے ہیں۔

editor

Related Articles