واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے وہ انسٹاگرام اور فیس بک کی تصاویر، ویڈیوز، اسٹوریز، پوسٹس اور ریلز براہ راست واٹس ایپ کے اندر ہی دیکھ اور شیئر کرسکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیچر چیٹس اور واٹس ایپ اسٹیٹس دونوں کے لیے دستیاب ہوگا۔ اسے استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ میٹا کے اکاؤنٹس سینٹر سے لنک کرنا ہوگا۔
فی الحال یہ سہولت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر واٹس ایپ کے تازہ ترین بیٹا ورژن استعمال کرنے والے کچھ صارفین کو فراہم کی گئی ہے، جبکہ آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین تک اس کی رسائی بڑھانے کا امکان ہے۔
واٹس ایپ نے گزشتہ سال اکاؤنٹس سینٹر انٹیگریشن متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو میٹا کے دیگر پلیٹ فارمز کے ساتھ منسلک کرسکتے ہیں۔ اکاؤنٹس لنک کرنے کے بعد صارفین واٹس ایپ اسٹیٹس کو انسٹاگرام اسٹوری یا فیس بک پر شیئر کرنے سمیت مختلف کراس پلیٹ فارم سہولیات استعمال کرسکتے ہیں۔
نئے فیچر کے تحت صارفین کو اپنی منسلک فیس بک اور انسٹاگرام پروفائلز کا میڈیا واٹس ایپ کے اندر ہی دستیاب ہوگا۔ اس کے لیے انہیں الگ سے انسٹاگرام یا فیس بک ایپ کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ صارفین واٹس ایپ کے اندر رہتے ہوئے اپنی منسلک میٹا سروسز سے تصاویر، ویڈیوز، اسٹوریز، پوسٹس اور ریلز منتخب کرکے شیئر کرسکیں گے۔
اکاؤنٹس سینٹر استعمال کرنا لازمی نہیں
واٹس ایپ کے مطابق اکاؤنٹس سینٹر سے اکاؤنٹ منسلک کرنا اختیاری ہے۔ صارفین اسے اپنی مرضی سے فعال کرسکتے ہیں۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس سینٹر سے اکاؤنٹ منسلک کرنے یا نہ کرنے کی صورت میں بھی ذاتی پیغامات اور کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہیں گی۔