کیا اب کاریں بھی اُڑیں گی؟ ایلون مسک کی ٹیسلا روڈسٹر کی ویڈیو سامنے آگئی

کیا اب کاریں بھی اُڑیں گی؟ ایلون مسک کی ٹیسلا روڈسٹر کی ویڈیو سامنے آگئی

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بار پھر ایلون مسک کی اُڑنے والی اسپورٹس کار توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ٹیسلا روڈسٹر کے راکٹ انجنوں کی آزمائش کے دوران گاڑی کے آگ کی لپیٹ میں آنے اور زمین پر گرنے کے مناظر پر مشتمل ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر تجسس پیدا کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، یہ ویڈیو ٹیکساس میں اسپیس ایکس کی ایک تقریب کے دوران نئی ٹیسلا روڈسٹر کی رونمائی کے موقع پر دکھائی گئی۔

ویڈیو میں گاڑی کی تیاری کے دوران کیے گئے مختلف تجربات اور ان میں پیش آنے والی مشکلات کو دکھایا گیا ہے۔مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کو ایک بلند سیاہ ٹاور کے اندر راکٹ انجنوں کی آزمائش کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم ایک تجربے کے دوران گاڑی نیچے گرتی ہے اور آگ کے شعلوں میں گھر جاتی ہے۔ راکٹ انجنوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے گاڑی کو رسّیوں کے ذریعے معلق کرکے بھی مختلف تجربات کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹیسلا روڈسٹر کی نئی ٹیکنالوجی سامنے آگئی، رفتار اور تھرسٹرز توجہ کا مرکز

تاہم ویڈیو میں صرف ناکام تجربات ہی نہیں دکھائے گئے۔ بعض مناظر میں روڈسٹر کو سڑک سے ہوا میں بلند ہوتے اور اپنے تھرسٹرز کی مدد سے دوبارہ زمین پر اترتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کو ڈھلوان سڑک پر چلتے اور الٹی حالت میں بھی دکھایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، ان تجربات کا مقصد گاڑی کی اُڑنے کی صلاحیت اور راکٹ ٹیکنالوجی کو بہتر بنانا تھا۔ 2 افراد کی گنجائش رکھنے والی اس اسپورٹس کار کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فضا میں بلند ہونے اور بحفاظت واپس اترنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اہم سوال یہ ہے کہ کیا اُڑنے والی کار محض ایک تصور ہے یا مستقبل میں سڑکوں پر چلنے والی گاڑیاں واقعی فضا میں بھی پرواز کرسکیں گی؟ ویڈیو میں دکھائے گئے تجربات اس ٹیکنالوجی کی ممکنہ صلاحیتوں کے ساتھ اس کے تکنیکی چیلنجز کی بھی نشاندہی کرتے ہیں۔

editor

Related Articles