بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی بہن صبا پٹودی نے اپنے خاندان کی تاریخی وراثت اور اس کی دیکھ بھال سے متعلق اہم تفصیلات بتا دی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹودی خاندان کے اس ورثے کی مجموعی مالیت 10 ارب بھارتی روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
صبا پٹودی کے مطابق ان کے مرحوم والد اور سابق بھارتی کرکٹ کپتان منصور علی خان پٹودی نے خاندانی ورثے کی ذمہ داری انہیں سونپی تھی۔ وہ بھوپال میں خاندان کی جائیدادوں اور اوقاف شاہی ٹرسٹ کے معاملات کی نگرانی کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اب کون یقین کرے گا؟‘ دھروو راٹھی نے ارنب گوسوامی کو آڑے ہاتھوں لے لیا
ان ذمہ داریوں میں مساجد، فلاحی املاک اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ جانے والے زائرین کے لیے سہولیات سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔
صبا پٹودی کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے انہیں تحمل، انصاف اور سوچ سمجھ کر بات کرنے کی تربیت دی، جس سے وہ آج بھی رہنمائی حاصل کرتی ہیں۔
انہوں نے خواتین کے لیے اسپتال اور لڑکیوں کے لیے اسکول قائم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، تاہم جائیداد سے متعلق قانونی معاملات کے باعث یہ منصوبے تاحال آگے نہیں بڑھ سکے۔