سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق 15 دسمبر تک ریفرنڈم کرایا جائے گا، جس کے بعد آئینی ترمیم کی جائے گی۔ ان کے مطابق ریفرنڈم کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اور عمران خان سمیت پوری جماعت نئے صوبے بنانے کے حق میں ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے گزشتہ روز وکلا سے ملاقات کے دوران بھی نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق کیا ہے، جبکہ اس معاملے پر ریفرنڈم کے بعد آئینی ترمیم کی جائے گی۔
پنجاب کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر سالک حسین پر بلاجواز تنقید کی۔ ان کے بقول اس معاملے میں سالک حسین محض بہانہ ہیں جبکہ اصل نشانہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سالک حسین واضح کر چکے ہیں کہ وہ نہ مسلم لیگ (ن) کے کہنے پر حکومت میں شامل ہوئے اور نہ ہی اس کے کہنے پر حکومت سے الگ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت میں سیاسی شخصیات کی شمولیت یا علیحدگی مریم نواز کی مرضی سے نہیں ہوتی۔
موجودہ سیاسی نظام پر تنقید کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مخالفت کی بنیاد پر موجودہ سیٹ اپ تشکیل دیا گیا۔ پاکستان میں عموماً سیاسی سیٹ اپ تین سے چار سال تک چلتے ہیں، تاہم اب موجودہ نظام ٹوٹ رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کی سیاست سے متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حیثیت مہمانوں جیسی ہے، جبکہ سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف اور اس کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف سیاسی نہیں بلکہ مذہبی رہنما بھی ہیں، اس لیے انہیں بعض معاملات پر گفتگو میں احتیاط کرنی چاہیے۔
فواد چوہدری نے زور دیا کہ پاکستان میں سیاسی قوتوں کے درمیان بات چیت کا ماحول پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ سیاسی نظام کی بحالی کی راہ ہموار ہو سکے۔
