پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے عائد الزامات اور غیرذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ملکی خودمختاری اور اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی الزامات پاکستان کے جائز تحفظات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ بھارت کو دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے طرز عمل کا جائزہ لینا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت پاکستان کے آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگرد سرگرمیوں کی سرپرستی کرکے پاکستان کا ترقیاتی عمل متاثر کرنا چاہتا ہے۔
پاکستانی نمائندے نے اقوام متحدہ میں بھارتی الزامات کا فوری جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے بے بنیاد دعوے کسی توجہ کے مستحق نہیں۔ بھارت پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کی بھی مخالفت کر رہا ہے۔
سندھ طاس معاہدے پر بھارت کو جواب
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور اسے یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 31 اگست 2026 کو ثالثی عدالت معاہدے کی قانونی حیثیت برقرار رکھنے کا متفقہ فیصلہ دے چکی ہے۔ اس کے باوجود بھارت کی ہٹ دھرمی عالمی قوانین سے اس کی وابستگی پر سوالیہ نشان ہے۔
مسئلہ کشمیر پر بھارت سے مطالبہ
پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور مسلم، سکھ، عیسائی اور دلت اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرنے پر بھی زور دیا۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق بھارت اپنے خلاف عالمی سطح پر بڑھتی تنہائی چھپانے کے لیے پاکستان پر الزامات عائد کر رہا ہے۔
