پاکستانی موسیقی کی دنیا کے معروف گلوکار عاصم اظہر ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
انٹرنیٹ پر ایک نامعلوم خاتون کے ساتھ ان کی نئی تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز حلقوں میں ان کی دوبارہ منگنی کے حوالے سے افواہوں نے زور پکڑ لیا ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی ان تصاویر میں عاصم اظہر کو کریم رنگ کے نفیس روایتی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے ہمراہ نظر آنے والی خاتون نے ہلکے سبز رنگ کا دلکش جوڑا زیب تن کر رکھا ہے۔
دونوں شخصیات کی اس خاص تیاری اور پس منظر کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ جھلکیاں کسی نجی یا خاندانی تقریب کے دوران لی گئی ہیں۔
ان تصاویر کے وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے تبصروں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جہاں گلوکار کے چاہنے والے ان کے نئے سفر اور منگنی کے امکانات سے متعلق تجسس کا اظہار کرتے ہوئے براہِ راست سوالات کر رہے ہیں۔
تاہم، یہ دعوے بظاہر بے بنیاد معلوم ہوتے ہیں، کیونکہ اطلاعات کے مطابق یہ وائرل تصاویر کسی منگنی کی تقریب کے بجائے ایک اشتہار یا آنے والے کسی پراجیکٹ کی ہیں ، اس کے علاوہ عاصم اظہر کی جانب سے بھی اس خبر کی تصدیق کے لیے کوئی باضابطہ تصویر یا اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ عامر کے درمیان دوبارہ قربتوں کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم دونوں نے ان افواہوں کی تصدیق نہیں کی۔
عاصم اظہر کی اس سے قبل اداکارہ میرب علی سے منگنی ہوئی تھی جو جون 2025 میں باہمی رضامندی سے ختم ہو گئی تھی۔