فرنٹیئر کور (ایف سی) کی سیکیورٹی واپس لیے جانے اور مبینہ فرنٹ مین کے وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور منتقل ہو کر پارٹی سیکرٹریٹ میں محصور ہونے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی سیاسی بوکھلاہٹ اس وقت کھل کر سامنے آ گئی جب انہیں خود اپنے خطاب کے دوران پشاور کے ‘مفتی محمود مرکز’ کی قانونی حیثیت پر صفائیاں پیش کرنا پڑ گئیں۔
سیاسی مبصرین، قانونی ماہرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پشاور میں خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان کی جانب سے اچانک یہ وضاحت دینا کہ “ہمارا مرکز تجاوزات (Encroachment) نہیں ہے”، اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے اور اب اس قیمتی اراضی کی الاٹمنٹ، اصل رقبے اور قانونی دستاویزات کو عوام کے سامنے لانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اردو اور پشتو کا یہ مشہور محاورہ “چور کی داڑھی میں تنکا” یہاں سو فیصد صادق آتا ہے۔ اگر پشاور کے رنگ روڈ پر واقع وسیع و عریض ‘مفتی محمود مرکز’ کی زمین واقعی تمام تر قانونی تقاضوں کے مطابق خریدی گئی ہے اور اس میں سرکاری اراضی پر کسی قسم کی کوئی تجاوزات یا غیر قانونی قبضہ شامل نہیں ہے، تو پھر فضل الرحمان کو سرِ عام اسٹیج پر کھڑے ہو کر یہ صفائی دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
مبصرین کا کہنا ہے کہ جب سے سیکیورٹی واپسی کے بعد فضل الرحمان نے پشاور کے اس مرکز کو اپنی سیاسی پناہ گاہ بنایا ہے تب سے عوامی اور حکومتی حلقوں میں اس مرکز کی زمین کی ملکیت، نقشے کی منظوری اور کمرشل یا فلاحی حیثیت کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں، جنہوں نے جے یو آئی قیادت کی نیندیں اڑا دی ہیں۔
سماجی و قانونی حلقوں کا مؤقف ہے کہ مذہب اور سیاست کے نام پر قائم کیے جانے والے بڑے بڑے مراکز اور جائیدادوں کے پیچھے چھپے مالی وسائل اور زمینوں کے ریکارڈ کا احتساب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
عوامی اور سیاسی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے)، محکمہ مال (ریونیو) اور ضلعی انتظامیہ پشاور ‘مفتی محمود مرکز’ کا مکمل ریکارڈ عوام کے سامنے لائیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ یہ قیمتی زمین کس سن میں، کس کے نام پر اور کس مقصد کے تحت الاٹ یا منتقل کی گئی تھی؟ مزید برآں، یہ بھی جانچا جائے کہ منظور شدہ نقشے کے مطابق مرکز کا اصل رقبہ کتنا تھا اور کیا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اطراف کی سرکاری یا ملحقہ اراضی کو اس میں شامل کر کے تجاوزات قائم کی گئیں یا نہیں؟
ایک طرف فضل الرحمان دوسروں کو کرپشن کی فائلیں منہ پر مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں، مگر جب ان کے اپنے زیرِ استعمال مراکز، اسلام آباد میں اسعد محمود کے زیرِ تعمیر چار کنال گھر، 55 تولہ سونے، بینک بیلنس میں 1,378 گنا اضافے اور بھائی ضیاء الرحمان کی متنازع تعیناتیوں کی بات آتی ہے تو وہ وضاحتیں اور صفائیاں دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
مبصرین کے بقول محض زبانی کلامی یہ کہہ دینا کہ “ہمارا مرکز تجاوزات نہیں ہے” قانون اور احتساب کے تقاضے پورے نہیں کر سکتا؛ اگر دستاویزات واقعی صاف شفاف ہیں تو فضل الرحمان زبانی دعووں کے بجائے زمین کی رجسٹری، انتقال اور پی ڈی اے سے منظور شدہ این او سی (NOC) میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کریں۔
