بھارت میں دیوالی کے موقع پر ہونے والی شدید آتشبازی کے اثرات سرحد پار بھی محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں لاہور ایک بار پھر پاکستان کا سب سے زیادہ آلودہ شہر بن گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق لاہور کی فضا میں آلودگی کی شرح 225 پوائنٹس تک پہنچ گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک حد ہے۔
ماحولیاتی رپورٹ کے مطابق ملتان میں انڈیکس 213، سیالکوٹ میں 205، گجرانوالہ میں 188، فیصل آباد میں 177 اور اسلام آباد میں 172 ریکارڈ کیا گیا ۔
پشاور کی فضا بھی بہتر نہیں رہی جہاں آلودگی کی سطح 192 پوائنٹس تک جا پہنچی ماہرین کے مطابق 200 سے اوپر کا ایئر کوالٹی اسکور انتہائی مضر تصور کیا جاتا ہے اور اس سطح پر فضا میں موجود ذرات انسانی سانس، دل اور آنکھوں کی صحت پر براہِ راست اثر ڈالتے ہیں۔
ماحولیاتی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایسے حالات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں ماسک کااستعمال کریں اور بچوں اور بزرگوں کو آلودہ فضا سے زیادہ سے زیادہ محفوظ رکھیں۔