امریکی پابندیاں مسترد ، ایران نے اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ کر دیا

امریکی پابندیاں مسترد ، ایران نے اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ کر دیا

ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انہیں ریاستی اور معاشی دہشتگردی قرار دے دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس معاملے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور عالمی ادارے کے تمام رکن ممالک کو خط لکھ کر امریکی پابندیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اب معاشی دباؤ کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق واشنگٹن دیگر ممالک کو بھی ایران کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات محدود یا ختم کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کیخلاف امریکی پابندیاں ، عالمی منڈی میں تیل مزید مہنگا

عباس عراقچی نے خط میں امریکی پابندیوں کو یکطرفہ جبری اقدامات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں کا اثر صرف حکومتوں یا اداروں تک محدود نہیں رہتا بلکہ عام شہری بھی ان سے متاثر ہوتے ہیں۔ ایرانی مؤقف کے مطابق اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی متاثر ہوسکتی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے عالمی برادری کی توجہ اس جانب بھی دلائی کہ بنیادی ضروریات تک رسائی میں رکاوٹ انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کرتی ہے۔ ان کے مطابق زندگی، صحت، خوراک اور مناسب معیار زندگی جیسے بنیادی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی ملک کو معاشی دباؤ کے ذریعے ان حقوق کو متاثر نہیں کرنا چاہیے۔

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے عائد کی گئی یکطرفہ اور ثانوی پابندیوں کی مذمت کریں اور انہیں مسترد کریں۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی ممالک کو ایسی پابندیوں کو تسلیم کرنے یا ان پر عمل درآمد سے گریز کرنا چاہیے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران پر معاشی دبائو ، امریکہ نے آئل ریفائنری ، درجنوں شپنگ کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں

عباس عراقچی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے جائز اقتصادی تعلقات کو امریکی دباؤ سے متاثر نہ ہونے دیں۔ ان کے مطابق کسی تیسرے ملک کو اس بات پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے قانونی اور اقتصادی روابط ختم یا محدود کرے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ امریکا کی جانب سے تیسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جائز اقتصادی سرگرمیوں میں مصروف ممالک کو دھمکی یا پابندی کے خوف کے بغیر اپنے تجارتی تعلقات جاری رکھنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

editor

Related Articles